ٹی ٹی پی کمانڈر کے بھانجے سمیت 2 بھتہ خور گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایس آئی یو (سی آئی اے) پولیس نے گرفتار ٹی ٹی پی دہشت گرد و بھتہ خوروں کی نشاندہی پرٹی ٹی پی افغانستان کمانڈر کے بھانجے سمیت دو ملزم گرفتارکرلئے ۔ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق چند روز قبل قتل اور بھتہ خوری میں ملوث تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشت گرد محمد کمال خان اور عبد القادر کو گرفتار کیا تھاجوکہ دوسروں دہشتگرد و بھتہ خور کی کراچی میں موجودگی کی نشاندہی کی تھی جس پر کاروائی کرتے ہوئے میٹروول، سائیٹ ایریا سے ملزم جہانزیب ولد عبد الباری اور محسن کو گرفتار کر لیا۔

ملزم جہانزیب افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر سید ولی کا بھانجا ہے۔ سید ولی افغانستان سے کراچی میں موجود تاجروں، ڈاکٹروں اور دیگر افراد سے بذریعہ واٹس ایپ بھتہ طلب کرتا ہے اور اس کا بھانجا جہانزیب اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سید ولی کی ایما پر بھتہ وصول کرتا ہے۔ ملزم جہانزیب نے اپنے ساتھی ملزمان محمد کمال خان، عبد القادر اور عبد الماجد کے ساتھ مل کر بھتہ نہ دینے پر بنارس میں قیوم گوشت والے کو قتل کیا تھا جس کا مقدمہ پیرآبادتھانے میں درج ہے۔ ملزم جہانزیب کو اس مقدمہ میں حسب ضابطہ گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے ماموں سید ولی کے کہنے پر رواں سال کراچی میں تاجروں، ڈاکٹروں و دیگر افراد سے بھتہ طلبی کے انکشافات کیے ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔