پنجاب میں 14 مئی کوانتخابات ناممکن- تیاریاں رک گئیں

اسلام آباد (نمائندہ امت) پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کا انعقاد ناممکن ہو گیا۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں روک دیں۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز اور تصاویر والی ووٹرز لسٹیں فوری طور پر نہ چھاپنے کا فیصلہ کرلیا ہے، آج ہفتہ تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع نہ ہوئی تو 14 مئی کو انتخابات کا انتظام نہیں ہوسکے گا۔

ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوبیلٹ پیپرز کی چھپائی اورترسیل کے لئے کم از کم 14 روز درکار ہوں گے، الیکشن کمیشن نے فنڈزکی عدم فراہمی کی وجہ سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی نہ کی۔ الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کے لئے کم از کم ڈیڑھ ارب روپے درکارہیں، الیکشن کمیشن نے صرف پنجاب اسمبلی کے لئے ساڑھے 7کروڑبیلٹ پیپرز چھاپنے ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تصاویر والی ووٹرلسٹیں بھی چھاپنی ہیں، انتخابات سے متعلق دو اہم امور کی تیاریاں روکی گئی ہیں۔ خیال رہے سپریم کورٹ نے 14مئی کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔