آنکھوں کو دھوکا دینے والے ڈیزائن سے متعدد برطانوی سائیکل سوار زخمی

لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں ٹریفک کے نظام میں بہتری کی خاطر کئے جانے والے حالیہ چند اقدامات خود ٹریفک بالخصوص سائیکل سواروں کے لئے وبال جان بنا دیا ہے۔ گذشتہ سال شہر برسٹل کے قریب سائیکل سواری کیلئے بنائی گئی لین نے 60 سواروں کو زخمی کر دیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کینشام ہائی اسٹریٹ پر ایک سائیکل لین نظری دھوکا پیدا کر رہی ہے اور سائیکل سواروں کو گرا کر زخمی کرنے کا موجب بن رہی ہے۔

سائیکل سواروں نے بتایا کہ لین کے ایک طرف سرمئی رنگ کا چھوٹا فٹ پاتھ ہے اور دوسری طرف سفید رنگ کی لائن بنائی گئی ہے جو بظاہر لین کا حصہ لگ رہی ہیں اور سواروں کو اس بات پر قائل کر رہی ہیں کہ سطح برابر ہے۔

اس حوالے سے اب تک 21 افراد نے سائیکل لین تیار کرنے والی باتھ اور نارتھ ایسٹ سمرسیٹ کونسل کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک مقامی کونسلر نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر لین کا ڈیزائن ٹھیک نہ کیا گیا تو اس کی وجہ سے کوئی سائیکل سوار مہلک طریقے سے بھی زخمی ہو سکتا ہے۔