کراچی(امت نیوز)سندھ حکومت نے وفاق کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر تحفظات دور نہ ہوئے تومردم شماری کے نتائج مسترد کردیں گے
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ تحفظات دور نہیں ہوئے تو مردم شماری کے نتائج حکومت اور سندھ کے شہریوں کے لیے قابل قبول نہیں ہوں گے
خط میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیرمنصوبہ بندی سے کہا ہے کہ آپ کی سربراہی میں ہونے والی ڈیجیٹل مردم شماری ان تحصیلوں ،تعلقوں میں 30 اپریل کو ختم کی جارہی ہے جہاں آبادی مردم شماری کے دوران ایک مخصوص سطح پر آگئی ہے، ہمیں ان تحصیلوں ،تعلقوں میں آبادی منجمد کرنے کے فیصلے پر سخت تحفظات ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اگر اس طرح کا بینچ مارک عالمی طور پر لاگو ہوتا تو مردم شماری کرانے کی ضرورت ہی نہیں تھی، کیونکہ آبادی میں اضافے کا اندازہ اس معیار کی بنیاد پر آسانی سے لگایا جا سکتا تھا۔
مراد علی شاہ نے خط میں لکھا ہے کہ ہمارے تحفظات نہیں سنے جا رہے، اور اگر تحفظات دور نہیں ہوئے تو مردم شماری کے نتائج حکومت اور سندھ کے شہریوں کے لیے قابل قبول نہیں ہوں گے، نتائج کو یکسر مسترد کردیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں مردم شماری اس وقت تک جاری رہنی چاہیے جب تک کہ ہر گھر اور ہر فرد شمار نہیں ہوجاتا