لاہور ( اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ 2023 جیتنا ہمارا ہدف ہے۔
قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے اپنے عزائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے ہوم گراؤنڈ پر ورلڈ کپ جتوانا پہلا ہدف ہے، اس کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی قومی ٹیم کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں، جو ایک مشکل چیلنج ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
اس موقع پر مکی آرتھر نے نوجوان بلے باز محمد حارث اور صائم ایوب کی صلاحیتوں پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں متحرک اور ناقابل یقین ٹیلنٹ ہیں، دونوں کرکٹرز میں میچ کا نقشہ تبدیل کرنے کی خوبی موجود ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کو بطور ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔