لاہور(امت نیوز)تحریک انصاف آج لاہور میں ریلی نکالے گی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور میں دفعہ 144 نافذ جبکہ جلسے، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔
تحریک انصاف نے آج مزدوروں کے عالمی کے موقع پر محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ترجمان وفاقی پولیس کے مطابق دارالحکومت میں کسی بھی جلسے، جلوس اور اجتماع کی اجازت نہیں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو لاہور میں ریلی نکالی کی اجازت دے دی تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کسی قسم کی وال چاکنگ نہیں ہوگی، کوئی استقبالیہ کیمپ نہیں لگے گا۔پی ٹی آئی کی ریلی دوپہر ایک بجے سے شام 6 بجے تک لبرٹی سے ناصر باغ تک نکالی جائے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر 3 بڑے شہروں میں پیدل مارچ کا اعلان کیا گیا ہے لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں ایک بجے پیدل مارچ کا آغاز ہوگا تاہم راولپنڈی میں پیدل مارچ کا آغاز علامہ اقبال پارک، مری روڈ سے شروع ہوگا۔وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور اسد عمر مارچ کی قیادت کریں گے۔
دوسری جانب پشاور میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کے مطابق شہر میں ایک جگہ 5 یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کی نازک صورتحال کے پیش نظر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق دفعہ 144 تین دنوں کے لیے نافذ رہے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔