سوڈان میں متحارب فریق مذاکرات کیلئے تیار ہوگئے

نیویارک(نیٹ نیوز) اقوامِ متحدہ کے ایلچی وولکر پرتھیس نے کہا ہے کہ سوڈان میں متحارب فریق مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے وولکر پرتھیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوڈان میں فریقین نے مذاکرات کے لیے نمائندے نامزد کر دیئے ہیں، مذاکرات سعودی شہر جدہ یا جنوبی سوڈان کے شہر جبہ میں ہوں گے۔

وولکر پرتھیس نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے کوئی ٹائم لائن طے نہیں کی گئی۔گذشتہ چند دنوں کے دوران سوڈانی دارالحکومت خرطوم کی مشہور کوبر جیل خاص طور پر معزول صدر عمر البشیر کے دور حکومت میں سابق رہنماؤں کی رہائی کے بعد خاصی توجہ کا مرکز بنی ہے۔

کوبر جیل کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں قیدیوں کا اجتماعی فرار دکھایا گیا ہے۔ خرطوم جنگ بندی کے باوجود بھی فضائی حملوں، طیارہ شکن ہتھیاروں اور توپ خانوں کی زوردار آوازوں سے گونج رہا ہے جہاں اب تک لڑائی کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 512 ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سوڈان میں دو فوجی جرنیلوں کے درمیان شروع ہونے والی جنگ تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے جہاں دارالحکومت خرطوم فضائی حملوں، طیارہ شکن ہتھیاروں اور توپ خانے کی زوردار آوازوں سے گونج رہا ہے جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے۔ جنگ بندی میں 72 گھنٹوں کی توسیع کے باوجود بھی حریف فوجی قوتوں کے درمیان جنگ جاری ہے۔