خرطوم / اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آئندہ 72 گھنٹے کیلئے جنگ بندی پر سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز رضا مند ہو گئی ہیں، جبکہ سوڈان سے مزید 149 پاکستانی وطن پہنچ چکے، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اب تک 636 پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوڈان میں متحارب افواج نے اتوار کے روز ایک دوسرے پر جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے لیکن دونوں فریقوں نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے باضابطہ معاہدے کی مدت اتوار کی نصف شب ختم ہونے والی تھی مگر اب اس میں مزید 72 گھنٹےکی توسیع کی جائے گی۔ سوڈانی فوج کے مطابق پیراملٹری فورسز کے ساتھ 72 گھنٹوں کی جنگ بندی پر راضی ہیں، امید ہے کہ باغی جنگجو جنگ بندی کا احترام کریں گے۔ آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ بین الاقوامی، علاقائی اور مقامی سطح پرمطالبات کے بعد کیا گیا ہے۔15 اپریل کو سوڈانی فوج اور نیم فوجی سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان اقتدار کی کشمکش کے نتیجے میں لڑائی شروع ہوئی تھی اوراس میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔ سوڈان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ لڑائی میں 528 افراد ہلاک اور 4599 زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان سے اب تک 45 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ لڑائی جاری رہی تو 2 لاکھ 70 ہزار افراد ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ دریں اثنا سوڈان میں خانہ جنگی اور افواج میں کشیدگی کے باعث پاکستانیوں کا انخلا جاری ہے، مزید 149پاکستانی وطن بہ حفاظت پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل اب تک 636 پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس سے پہلے پاکستانی پاک فضائیہ کی 5 پروازوں کے ذریعے سوڈان سے براستہ جدہ کراچی پہنچے تھے، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سوڈان سے مزید تقریباً 1000 پاکستانیوں کو لایا جائے گا۔ آج سعودی دفترِ خارجہ نے بھی ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ رائل سعودی طیارہ 45 سعودی اور 36 پاکستانی شہریوں کو لے کر آج جدہ پہنچا، طیارے میں برادر اور دوست ممالک کے 52 شہری سوار تھے، دفتر خارجہ پاکستان نے ٹوئٹ میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانیوں کی مدد پر برادر ملک سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے آج ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ آج صبح 149 پاکستانیوں کو لے کر طیارہ اسلام آباد پہنچا، سوڈان سے جدہ پہنچنے والے پاکستانیوں کو بھی پاکستان لایا جا رہا ہے، دو مزید طیارے 200 پاکستانیوں کو لے کر آج سوڈان سے پہنچیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے پاکستان لانے کا ہمارا منصوبہ کام کر رہا ہے، خرطوم میں پاکستانی سفیر اور سفارتی عملہ پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے ان تھک محنت کر رہا ہے۔ پاکستان کا دیرینہ دوست چین بھی پاکستانی شہریوں کے انخلا میں پیش پیش ہے، ترجمان نے بتایا کہ چین کی بحریہ نے پورٹ سوڈان پر موجود 216 پاکستانیوں کو بہ حفاظت سعودی عرب پہنچا دیا ہے، چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے بحری جہاز ویشنہو نے پاکستانیوں کو جدہ پہنچایا، ہم اس دوستی اور تعاون کے جذبے پر چینی دوستوں کے شکر گزار ہیں۔