جماعت اسلامی مری کا میٹرز رینٹ اضافے اور گیس عدم فراہم کیخلاف مظاہرہ

مری (امت نیوز ) جماعت اسلامی یو تھ ونگ مری کے زیر اہتمام گیس میٹر ز کے رینٹ میں ظالمانہ اضا فے اور مختلف یونین کو نسلوں میں گیس کی عدم فراہمی کےخلاف جی پی او چوک مر ی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت امیرجماعت اسلامی مری غلام احمد عباسی اور جماعت اسلامی کے اُمیدوار برائےصوبائی اسمبلی محمد سفیان عباسی نے کی ،مظاہرین نے میٹر چارجز میں اضافےکے حکومتی فیصلے کو مسترد کر تے ہو ئے مطالبہ کیا کہ پی ڈی ایم حکومت اس ظالمانہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لے اور مر ی کی تمام یو نین کونسلوں کو حسب وعدہ گیس فراہم کر ے ،احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کےرہنماءسجاد الحسن عباسی ، عابد عباسی ، شکیل عباسی ، فاران عباسی ، مداوت خان اور فیضان عباسی، وجہاہت کھوکھر ، شہاب ثاقب نے بھی خطاب کیا ۔مظاہرین سے خطاب کر تے ہو ئے محمد سفیان عباسی اور غلام احمد عباسی نے کہا گیس کے بلوں میں میٹر رینٹ میں ظالما نہ اضافہ غر یب عوام کی کمرتوڑنے کے مترادف ہے، صارفین سے وصول کیا جا نے والا میٹر کا کرایہ 40 روپیہ سے بڑھا کر 500 روپیہ کر دینا بد تر ین ظلم ہے،غربت اور معاشی تنگدستی میں مبتلا عوام پہ حکمرانوں کا خفیہ وار عوام کی جیب کا ٹنے کے مترادف ہے، انھوں نے کہا کہ کنکشن دیتے وقت جب میٹر کی قیمت وصول کی گئی تو کرایہ کس چیز کا؟کیا میٹر کی قیمت اتنی زیادہ ہے کہ نسل در نسل اس کی وصولی جاری رہے گی، آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کا حصول یقینی بنانے کے لیے اس اقدام کے ذریعے زیادہ تر گھریلو اور دیگر تمام کیٹیگریز کے صارفین سے 3 کھرب 10 ارب روپے اضافی وصول کرنے کی تیاری بھی کی جارہی ہے، جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ مری میں بلا تخصیص باقی رہ جا نے والی یونین کو نسلوں میں بھی گیس فراہم کی جا ئے ، جن کا حکومتی تر جمانوں نے گذشتہ دو ماہ سے ٹینڈر جاری کر نے کا اعلان بھی کر رکھا ہے ۔