راولپنڈی : متروکہ وقف املاک بورڈ نے لال حویلی کو ایک بار پھر نوٹسز جاری کرتے ہوئے شیخ رشید کے بھائی شیخ صدیق کو 4 مئی کو وقف املاک بورڈ لاہور پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک راولپنڈی نے لال حویلی کی مستقل ٹرانسفر ڈیڈ کا کیس بنا کر چئیرمین کو بھیجا تھا، متروکہ وقف املاک بورڈ نے 30 جنوری کو لال حویلی کے سات یونٹ سر بمہر کردیے تھے۔
شیخ رشید کی جانب سے دائر پٹیشن پر لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ نے لال حویلی سے متصل سربمہر کی گئی پراپرٹی ڈی سیل کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ متروکہ وقف املاک کو پندرہ دن کے اندر لال حویلی کے تنازعہ کو حل کرنے کا حکم دیا تھا۔
ایڈمنسٹریٹرمتروکہ وقف املاک راولپنڈی نے شیخ رشید کی دائرکردہ اپیل پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ لیا تھا۔
وقف املاک راولپنڈی کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے لال حویلی کے خلاف ریفرنس چئیرمین بورڈ کو بھجوا دیا۔
چیئرمین وقف املاک بورڈ لاہور نے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو پیش ہونے کے 2 نوٹسز جاری کردیے۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے مطابق لال حویلی کے 3 یونِٹس ڈی 156، ڈی 157 اور ڈی 158 کی مستقل ٹرانسفر ڈیڈ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔