راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے اسکولوں اور کالجوں میں منشیات فروخت کرنے والے منشیات فروش گینگ کوگرفتار کر لیا
گینگ میں کے پی کے پولیس کااہلکار مدثر آفریدی اور ایڈوکیٹ شہاب شاہ سمیت چار ملزمان شامل ہیں
تھانہ کینٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں میں منشیات فروخت کرنے والے منشیات فروش گینگ کے 4ملزمان کو گرفتار کرکے 4 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرلی ،
ملزم شہاب شاہ سے 2کلو 400 گرام جبکہ مدثر سے 1 کلو 700 گرام چرس برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق ملزم شہاب اور مدثر کے پی کے سے چرس لاتے تھے اور جنید اور یعقوب کی مدد سے تعلیمی اداروں میں سپلائی کرتے تھے،
ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے،اے ایس پی کینٹ نے کہا کہ کینٹ پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا،
تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے ملزمان کے خلاف کامیاب کاروائی پر ایس پی پوٹھوہار محمد وقاص خان نے ایس ایچ او کینٹ اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے ناسور کے خاتمہ کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔