نوجوانوں کو پاکستان کیخلاف کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے،مریم نواز

لاہور (امت  نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ  نوجوانوں کو پاکستان کیخلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جا رہی ہے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہوگا

مریم نوازکی صدارت میں یوتھ اور خواتین ونگز کی ممبر سازی مہم کا جائزہ اجلاس ہوا۔جس  میں  پنجاب بھر میں یوتھ اور خواتین ونگز کی جاری ممبر سازی مہم کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ کیو آر کوڈ کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کی پارٹی میں شمولیت کے عمل کی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر  مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوان اور خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقات ہیں، ان کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لا سکتی ہے، نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا ہے کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں انہیں قوم کا معمار اور بااختیار بنائیں گے۔