اسلام آباد(امت نیوز)ملک بھرمیں ایک ہی روزالیکشن کرانے سے متعلق حکومت اورپاکستان تحریک انصاف میں جاری مذاکرات جاری ہیں
حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیرایازصادق جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی، سید نوید قمر، ایم کیو ایم کی کشورزہرہ اور مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہیں۔جبکہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی،فواد چودھری اور سینیٹر علی ظفر شامل ہیں۔
مذاکرات میں حکمران اتحاد اور تحریک انصاف کے وفود آج قیادت کے مشورے کے بعد اپنی اپنی تجاویز ایک دوسرے کے سامنے رکھیں گے اور دونوں فریق مذاکرات کے ذریعے کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں گے۔
مذاکرات شروع ہونے سے قبل حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیموں کے اعزاز میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے دونوں فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی تجاویز دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سیاسی تناؤ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، سیاسی تناؤ ختم کرنے سے معاشی جمود ختم ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلاف بلائے طاق رکھ کر قومی مفاد میں متحد ہونا چاہیے۔
تحریک انصاف کے مذاکراتی وفد نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے سیاسی تناؤ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی تجویز کو دہرایا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج کے مذاکرات میں آپ سب کو پتہ چل جائے گا کہ ہماری کیا شرائط ہیں، ہم پہلے سے میڈیا کو کیا بتائیں کہ ہم حکومتی ٹیم سے کیا بات کرنے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی کمیٹیوں کے درمیان ملک بھر میں ایک ہی روزالیکشن کرانے سے متعلق اتفاق رائے کیلئے 2 ادوارہوچکے ہیں