آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کے لئے اقدامات پر عملدر آمد شروع

 

مظفرآباد(امت نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کے گڈ گورننس کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد شروع ہوگیاہے۔ ریاست بھر میں افسران کے گھروں پر کام کرنے والے ملازمین اپنے اپنے آبائی محکموں میں واپس جارہے ہیں۔ بدون استحقاق آفیسران کے زیر استعمال سرکاری گاڑیاں سینٹرل ٹرانسپورٹ پول میں جمع کروائے جانے کا عمل جاری ہے۔ تمام محکمہ جات بشمول ڈویثرنل وڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، آفیسران اور ملازمین کی حاضری یقینی بنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی ریاست کے اندر گڈ گورننس کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔وزیراعظم نے بیوروکریسی کے ساتھ اپنی پہلی میٹنگ میں اپنا پروٹوکول نہایت محدود رکھنے کا فیصلہ کیا اورپولیس سمیت انتظامیہ کی وزیراعظم کے ساتھ موومنٹ کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے ان کے دورہ جات کے دوران پولیس انتظامیہ کو اپنے اپنے دفاتر میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ریاستی اداروں کو فعال کرنے اور گڈگورننس کے قیام کی ہدایات جاری کی تھیں۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام آفیسران اور سٹاف کی اپنے اپنے دفاتر میں حاضری یقینی بنا دی گئی ہے۔ تمام ملازمین کی اپنی اصل جائے تعیناتی کے علاوہ ڈیوٹیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن سے وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردئیے گئے ہیں۔تمام محکمہ جات نے بھی وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات پر وزیراعظم سیکرٹریٹ،چیف سیکرٹری آفس اور تمام محکمہ جات میں بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں،آن لائن فائل ٹریکنگ سسٹم بھی تیار کیا جا رہا ہے جس سے فائل پراسسنگ کا عمل تیز ہو گا اور عوام کے مسائل جلد حل ہو سکیں گے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کے ان اقدامات کو ے حد سراہا جا رہا ہے۔ آزادکشمیر کے شہریوں کا اظہار ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے اس طرح کے تاریخی اقدامات کیے ہیں جن سے آزادکشمیر کے پبلک سیکٹر میں بہتری آئے گی اور آزادکشمیر کو صحیح معنوں میں تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنانے میں مدد ملے گی۔