تیسرا ون ڈے،قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیے جانے کا امکان

کراچی(اُمت نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔
فاسٹ بولر احسان اللہ کو دائیں بازو میں درد کی شکایت ہے جب کہ عبداللہ شفیق کو آرام دیا جائے گا جو دوسرے ون ڈے میں صرف سات رنز بنا سکے تھے۔
دوسرے ون ڈے میں آرام کے بعد شاہین کی پلیئنگ الیون میں واپسی کا امکان ہے۔ زخمی حارث سہیل کی جگہ پانچ میچوں کی سیریز کے آخری تین ون ڈے میچوں کے لیے اسکواڈ میں شامل ہونے کے بعد افتخار احمد کی بھی ون ڈے میں واپسی متوقع ہے۔
پہلے ون ڈے کے آغاز سے قبل حارث سہیل کندھے کی انجری کے باعث باہر ہوگئے تھے جس کے باعث افتخار احمد کی ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔
ایک مقامی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنی بیٹنگ پوزیشن کے بارے میں بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ٹیم کی کامیابی کے لیے کوئی بھی کردار ادا کرنے اور کسی بھی نمبر پر بلے بازی کرنے کے لیے تیار ہوں میں اکثر مڈل آرڈر میں کھیلتا ہوں اور کبھی کبھی مجھے دو اوور یا تین یا پانچ اوور بھی کھیلنے کو ملتے ہیں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایک پیشہ ور پلیئر ہونے کے ناطے میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ چاہے مجھے دو گیندیں کھیلنی ہوں یا تین، یہ ہمیشہ ٹیم اور ٹیم کے مفاد کے لیے ہونی چاہیے۔
پاکستان کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے اور وہ اپنا تیسرا ون ڈے کیویز کے خلاف بدھ 3 مئی کو نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں کھیلے گا اور گرین شرٹس کی نظریں سیریز جیتنے پر لگی ہیں۔