کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر تین مختلف کارروائیوں کے دوران پاکستانی سفری دستاویزات پر دبئی جانے والے افغان نژاد برطانوی شہری سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق زوہیب جان نامی افغان شہری نے جعلسازی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مختص نائیکوپ حاصل کر رکھا تھا، ملزم کے نائیکوپ کے مطابق ملزم کی جائے پیدائش اور ایڈریس صوابی کا ہے، جبکہ دوران تفتیش برٹش پاسپورٹ کے حامل ملزم کی اصل جائے پیدائش جلال آباد کی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم برطانوی شہری ہے، اور برطانوی پاسپورٹ بھی اس کے پاس تھا، جعلسازی سے پاکستانی نائیکوپ بنوانے پر ملزم کو مزید کارروائی کے لئے ایف آئی اےاینٹی ہیومن ٹر یفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ مشکوک دستاویز پر اٹلی جانے والے مسافر عارف خان کو بھی کو گرفتار کیا گیا ہے، مسافر عارف خان نے فلائی دبئی کی پرواز میں سیٹ بک کرا رکھی تھی،ملزم عارف خان کو پرواز سے آف لوڈ کرکے جعلی اطالوی سفری دستاویزات کے باعث سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اس سے قبل جعلی دستاویز پر کینیڈا جانے والے مسافر نعمت اور 2 ایجنٹس کو بھی کراچی ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیا ۔ملزم نعمت علی کو امیگریشن کے دوران حراست میں لیا گیا، بعدازاں اس کی نشان دہی پر کراچی ایرپورٹ کی پارکنگ سے اس کے ساتھی 2 ایجنٹ بھی پکڑے گئے ۔