کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضمنی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈیو سمیت تمام کمشنر اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے ۔ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ صوبے میں 7 مئی کو ضمنی بلدیاتی انتخابات ہونگے۔صوبے میں 434 امیدوار جب کے 6 لاکھ 90 ہزار 295 لوگ حق رائے دہی استعمال کریں گے۔دو سو بانوے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ کی سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا کہ صوبے میں 56 نشستوں پر بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے تھے۔کراچی حیدرآباد سکھر شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ میں 449 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات ہونگے۔سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔کراچی میں 6 ہزار 707 سے زائد اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز نے سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان اور پولنگ اسٹیشنوں کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔