کراچی (امت نیوز) میڈیا کی مختلف تنظیموں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام منعقد ہ ”عالمی یوم صحافت راؤنڈ ٹیبل کانفرنس ” کے موقع پرواضح کیا کہ آزادی صحافت تمام آزادیوں اور جمہوری اقدار کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے لہذا آزادی صحافت پر مختلف اعلانیہ اور غیر اعلانیہ پابندیوں اور قدغنوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
اجلاس نے اس امر پر اتفاق کیا کہ آزادی صحافت اور پیشہ ورانہ صحافتی ذمہ داریوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور پیشہ ورانہ صحافتی اصولوں پر عمل درآمد صحافیوں کے لیے فرائض کی انجام دہی اور آزادی صحافت کو مضبوط کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے لہذا صحافتی فرائض کی انجام دہی کے لیے رہنما مشترکہ ضابطہ اخلاق کی تیاری میں تمام میڈیا اسٹیک ہولڈرز موثر کردار ادا کریں۔
اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل عامر محمود نے کہا کہ میڈیا کو عوام کی آواز ہونا چاہیے اور اس مقصد کے لیے میڈیا تنظیموں کو آپس میں مل کر لائحہ عمل بنانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے ارشد شریف کے قتل کی آزادنہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔ انہوں نے پیکا کی ظالمانہ شقوں کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
ایمنڈ کے صدر اظہر عباس نے کہا کہ میڈیااسٹیک ہولڈر ز تنظیموں کے مابین پیشہ ورانہ صحافتی رہنما اصولوں کی تیاری اگرچہ محنت طلب کام ہے لیکن جب اس پر اتفاق رائے ہوجائے تو اس پر عمل درآمد سہل ہوجائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ کوڈ آف کنڈکٹ کے اصولوں کی تیاری کے لیے ایک مخصوص فورم کی تشکیل کرکے اس کام کو آگے بڑھایا جائے۔ سینئر ایڈیٹر عامر ضیاء نے کہا کہ ہر صحافی کا سچ مختلف ہوسکتا ہے لیکن معروضی حقائق یکساں ہوتے ہیں، جو معروضی رپورٹنگ کے ذریعے عوام کو درست انداز میں باخبررکھتے ہیں ، اس مقصد کے لیے رہنما اصول وضع کیے جانے سے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ حاصل ہوگا۔
سینئر صحافی اور تجزیہ نگار مظہر عباس نے کہا کہ مشترکہ رہنما اصولوں پر مشتمل ضابطہ اخلاق کے ذریعے آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کا معاشی تحفظ یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پریس کلب، ایمنڈ، پی ایف یوجے اور کے یو جے کے نمائندگا ن نے ملک میں میڈیا کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔کانفرنس سے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، پی ایف یو جے کے رہنماؤں جی ایم جمالی اور اے ایچ خانزادہ، کے یوجے رہنمائوں فہیم صدیقی، اعجاز خان اورخلیل ناصر، سابق صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران، سابق صدر کے یو جے حسن عباس،سی ای جے کی ڈائریکٹر امبر رحیم شمسی ،پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان، سابق صدر کراچی پریس کلب طاہر حسن ، سی پی این ای کے نائب صدرڈاکٹر جبار خٹک، جوائنٹ سیکریٹری سی پی این ای انور ساجدی اور سینئر رکن احمد اقبال بلوچ نے بھی میڈیا کے مسائل پر اظہار خیال کیا اور اس سلسلے میں تجاویزد یں۔
رائونڈ ٹیبل کانفرنس میں سی پی این ای کے نائب صدر عارف بلوچ، سابق سیکریٹری جنرل اعجاز الحق، فنانس سیکریٹری غلام نبی چانڈیو، عبدالخالق علی،حامد علی عابدی،محمد طاہر، مقصود یوسفی، سینئر اراکین عبدالخالق علی، بشیر احمد میمن، منزہ سہام، شیر محمد کھاوڑ، عبدالسمیع منگریو، مظفر اعجاز، سلمان قریشی، سید مدثر، مدثر عالم، شاہد ساٹی، طارق عزیز، عاصم عقیل، شاہد علی انصاری، جاوید ملک، فراز چانڈیو، علی بن یونس اور خوشی محمدنے بھی شرکت کی۔