سراج الحق سے ایرانی سفیر محمد علی حسینی کی ملاقات

کراچی (امت نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ایران کے سفیر محمد علی حسینی نے ملاقات کی ہےسراج الحق اور ایرانی سفیر محمد علی حسینی کی ملاقات میں پاکستان اور ایران کے تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے امیر جماعت کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی اور کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کو مزید قریب کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ سراج الحق نے ایرانی سفیر کی دورہ ایران کی دعوت کو قبول کر لیا۔

سراج الحق نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔امیر جماعت اسلام  نے پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان اور افغانستان مل کر ایک مضبوط بلاک بنا سکتے ہیں۔ اقتصادی لحاظ سے بھی انکے اچھے اور برادرانہ تعلقات بہت اہم ہیں۔

ایرانی سفیر محمد علی حسینی نے سراج الحق اور جماعت اسلامی کے فرقہ واریت کے خلاف کردار کو سراہا اور کہا کہ پوری امت کو قریب لانے میں امیر جماعت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان علما کے وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے۔ ایرانی سفیر نے دوران ملاقات جماعت اسلامی کی پاکستان اور عالم اسلام کے لیے گرانقدر خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے استحکام کی ضرورت ہے۔ سیاسی انتشار کی وجہ سے پاکستان معاشی عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ انھوں نے ایران کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔