میٹرک بورڈ انتظامیہ کا آخری دن فارم وصول کرنے سے انکار،ایجنٹ پریشان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آخری روز رجسٹریشن اور امتحانی فارم جمع کرانے والوں کا میٹرک بورڈ آفس میں رش ، میٹرک بورڈ مافیا اور ایجنٹ سرگرم ہوگئے ۔ انتظامیہ پر امتحان سے ایک روز قبل رجسٹریشن کیلئے دباؤ ڈالنے لگے۔ ناظم امتحانات نے رجسٹریشن اور امتحانی فارم وصول کرنے سے انکارکردیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا شیڈول جاری ہوچکا ہے ۔ اس ضمن میں ثانوی تعلیمی بوڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے اسکول سربراہان اور طلباء و طالبات کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بورڈ کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ سے امتحانی مراکز کا پروگرام بنوا کر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اپ لوڈ کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب بورڈ سے الحاق شدہ اسکول، اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات ویب سائٹ میں CENTRE CHECKکا آپشن کلک کرنے کے بعد با آسانی اپنا رول نمبر درج کر کے امتحانی مراکز معلوم کر سکتے ہیں۔ چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ہفتہ اور اتوار کو بھی بورڈ میں کام جاری رہے گا تاکہ جن اسکولوں، طلباء و طالبات نے ابھی تک امتحانی مراکز کا سامان، ایڈمٹ کارڈ نہیں لئے ہیں وہ متعلقہ سیکشن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ وہیں جمعہ کی صبح سے میٹرک بورڈ آفس میں طلبا اور نجی اسکولوں کے عملے کا جم غفیر ہاتھوں میں رجسٹریشن فارم اٹھائے قطاروں میں لگا ہوا ہے ۔ امت کو بورڈ آفس میں کام کرنے والے ایک کلرک نے بتایا کہ ان میں سے بیشتر افراد آج ہی رجسٹریشن اور آج ہی امتحانی فارم پر ایڈمٹ کارڈ کا اجرا چاہتے ہیں جو ایک مشکل ترین مرحلہ ہوگا ۔ تاہم ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے مذکورہ ایجنٹوں کو رجسٹریشن اور امتحانی فارم کی وصولی سے انکار کردیا ہے ۔ میٹرک بورڈ میں اس وقت سیکڑوں طلبا موجود ہیں جن میں سے بیشتر کے پاس بورڈ کا رجسٹریشن کارڈ بھی موجود نہیں، اگر انتظامیہ امتحانی فارم وصول بھی کرلے تب بھی انہیں ایڈمٹ کارڈز جاری نہیں کیے جاسکتے ۔ مذکورہ صورت حال کے حوالے سے ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ کا کہنا ہے کہ ہم نے جمعرات کی شب گیارہ بجے تک امتحانی فارم وصول کیے تھے، رجسٹریشن و امتحانی فارم جمع کرانے کے لیے نویں کلاس کی تاریخ اگست 2022 میں دی تھی ،میٹرک کلاس کے امتحانی فارم جمع کرانے کی اجازت نومبر 2022 سے دی تھی،اب بھی امیدوار اور والدین آخری ورکنگ ڈے رجسٹریشن فارم جمع کرانا چاہتے ہیں جو ناممکن ہے ۔کل رات جمع کرائے گئے امتحانی فارم بھی ایڈجسٹ کر دیے ہیں ۔