کراچی (اسٹاف رپورٹر )میٹرک بورڈ آفس میں ایڈمٹ کارڈ کے عوض طلبا سے پیسے بٹورنے والا ایجنٹ گرفتار کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز آخری دنوں میں جمع ہونے والے امتحانی فارم کے ایڈمٹ کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔
بورڈ آفس میں آخری دنوں میں تقریبا آٹھ ہزار سے زائد فارم جمع کرائے گئے تھے جن پر ایڈمٹ کارڈ کے اجرا کیلئے ہفتے کو طلبا نے بورڈ کا رخ کیا ، لمبی قطار کے باعث ایجنٹوں نے وہاں بھی طلبا سے جلد ایڈمٹ کارڈ دلانے کے نام پر لوٹ مار شروع کردی ، ایک ایجنٹ نے فی کس چھ سو روپے وصول کیے۔
ایجنٹ کے خلاف کئی طلبا نے میٹرک بورڈ آفس میں احتجاج شروع کردیا جس پر بورڈ انتظامیہ نے پولیس طلب کرکے ایجنٹ کو گرفتار کرنے کی درخواست کی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر طلبا سے غیر قانونی وصولی کرنے والے شخص کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا ۔ میٹرک بورڈ آفس میں طلبا کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ واضح رہے کہ آج ایڈمٹ کارڈ وصول کرنے کا آخری دن ہے ۔