لاہور(امت نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اگلے ہفتے سے 14 مئی تک مسلسل جلسے کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور کے لکشمی چوک پر پی ٹی آئی کی چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے نکالی جانے والی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ14 مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ بھارت جانے سے پہلے بلاول نے کسی سے پوچھا؟ جے شنکر نے جس طرح زبان استعمال کی اس سے اندازہ ہوگیا کہ اُسے مہمان نوازی کے آداب نہیں آتے کیونکہ مہمان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ بلاول کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھرپور تیاری کے ساتھ جانا چاہیے تھا۔
عمران خان نے برطانوی شہزاد سوئم کی تاج پوشی میں وزیر اعظم کی شرکت پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف عوام کو مہنگائی کے سیلاب میں چھوڑ کر برطانیہ کیا لینے گئے اور کس طرح چلے گئے، ان کا علاج، کاروبار اور بچے سب کچھ باہر ہے اور انہیں پاکستان کے عوام کی کوئی پروا نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے مطابق ملک چلانا چاہتے ہیں، یہ سمجھ رہے ہیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے یہ کسی بھول میں ہیں، ساری قوم آئین اور ججوں کے ساتھ کھڑی ہے
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارا بس ایک اور واحد مطالبہ الیکشن ہے، ہم خیبرپختونخوا میں بھی انتخابات چاہتے ہیں، انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا جس کی وجہ سے مہنگائی عروج پر ہے۔ کرپٹ حکمرانوں نے مہنگائی بڑھا دی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ حکومت جنرل (ر) باجوہ نے گرائی اور ملک کو ایسا نقصان پہنچایا جو دشمن بھی نہیں پہنچا سکتا۔