پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کاچوتھا دور،اعلامیہ جاری

اسلام آباد(امت نیوز)اسلام آباد میں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چوتھا دور  ہوا، جس میں پاک چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ چن گانگ نے 5 سے 6 مئی تک پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا، پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی، اسٹریٹیجک، اقتصادی، دفاعی سلامتی اور  دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ گیا گیا، جبکہ بات چیت میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاک چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے امور پر حمایت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا

چین نے پاکستان کی خودمختاری اور  علاقائی سالمیت کیلئے مضبوط حمایت جبکہ پاکستان نے ون چائنا پالیسی، قومی مفاد کے تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔

فریقین نے 2023 میں سی پیک کی ایک دہائی کی تکمیل کا خیرمقدم کیا اور سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کی روشن مثال کے طور پر سراہا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سی پیک سے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔

فریقین نے سی پیک منصوبوں کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔