پہلی بار بیٹ خریدنے کی فرمائش کی تو والد کے پاس پیسے نہیں تھے، بابر اعظم
گراؤنڈ میں آیا تو مجھے یاد ہے میں بالر پکر بن کر آیا تھا اور وہ ٹیسٹ انضمام الحق کا آخری ٹیسٹ تھا جس میں باؤلنگ کرنے آیا تھا۔
لاہور(اُمت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میں نے جب پہلی بار والد صاحب سے بیٹ خریدنے فرمائش کی تو ان کے پاس پیسے نہیں تھے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں پہلی بار قومی ٹیم کے ساتھ گراؤنڈ میں آیا تو مجھے یاد ہے میں بالر پکر بن کر آیا تھا اور وہ ٹیسٹ انضمام الحق کا آخری ٹیسٹ تھا جس میں باؤلنگ کرنے آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب میں پاکستانی ٹیم کو باؤلنگ کرنے آیا تھا اور آج میں خود پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں۔ اس وقت بھی میرے ذہن میں ہوتا تھا کہ ایک دن میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گا اور بین الاقوامی میچ کھیلوں گا۔
بابر اعظم نے کہا کہ پہلی بار میں انڈر 15 میں منتخب ہوا تھا لیکن تینوں میچوں میں کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا پایا۔ قومی اکیڈمی میں جانے کے لیے سخت محنت کی کیونکہ معلوم تھا کہ اچھی کارکردگی کے بغیر کچھ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے اپنے گزرے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں بسوں میں سفر کرتا تھا اور بعض اوقات رش کی وجہ سے کرائے کے پیسے بچا لیتا جس کے بعد میں سموسے کھاتا تھا۔
کپتان نے کہا کہ میں کرکٹ میچ کی وجہ سے بیرون ملک دورے پر تھا کہ تایا اور دادی کا انتقال ہوا جو میرے لیے بہت مشکل تھا۔ والد نے منع کیا کہ ملک کے لیے کھیل رہے ہو چھوڑ کر مت آنا۔