ریاض(اُمت نیوز) سعودی عرب میں پیدا ہونے والی تین بچیوں کا نام آسمان، بادل اور بارش رکھ دیا گیا جن کے لیے محکمہ موسمیات نے تحائف کا اعلان کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے نجران ایک گھرانے میں ایک ساتھ 3 بچیوں کی پیدائش ہوئی جن کے لیے محکمہ موسمیات نے تحائف کا اعلان کر دیا کیونکہ بچیوں کے گھر والوں نے ان کا نام آسمان، بادل اور بارش رکھا۔
نجران میں پیدا ہونے والے بچیوں کے والد نے ان کا نام سما یعنی آسمان، سحاب یعنی بادل اور غیم یعنی بارش برسانے والا بادل رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ تحائف دینے کا اقدام سماجی ذمہ داری کے معاملے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ خوش نصیب فیملی کے گھر بچیوں کی پیدائش 6 سال کے انتظار کے بعد ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے نام موسم کے عناصر کے نام پر رکھے گئے ہیں جنہیں روزانہ خبروں اور موسم کے بارے میں معلومات میں دہرایا جاتا ہے۔