وزیراعظم اور اسکاٹ لینڈ کے پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹرکی ملاقات

لندن (امت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف سے اسکاٹ لینڈ کے پاکستانی نژاد فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے درمیان لندن میں ملاقات ہوئی جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے حمزہ یوسف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی،جو حمزہ نے قبول کر لی۔

ملاقات کے بعد اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نےملاقات میں پاکستان کی سیاست پر بات نہیں کی، یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  میں پاکستان کی سر زمین کا بیٹا ہوں۔ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کا فروغ میری ذاتی خواہش بھی ہے، شہباز شریف نے پاکستان کے دورے کی دعوت دی ،جلد پاکستان کا دورہ کروں گا،والد کے شہر میاں چنوں اور والدہ کے شہر فیصل آباد بھی جاؤں گا۔

انہوں نے  بتایا کہ اسکاٹ لینڈ کا فرسٹ منسٹر بننے پر والدین کے آبائی شہروں سے بھی مبارک باد کے پیغامات وصول ہوئے،پاکستان میرے دل کے قریب ہیں، وہاں جلد جانے کی خواہش ہے