کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن میں علاقہ مکینوں کے تشدد سے لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے،جبکہ پکوان سینٹر کا مالک ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔
تفصیلات مطابق پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاو ن سیکٹر14C نزد اویس پکوان کے قریب ہفتے اور اتوار کی درمیان شب 2مسلح ملزمان نے پکوان سینٹر میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے پکوان سینٹرکے مالک 25 سالہ اویس ولدکریم کو زخمی کردیا اور فرار ہونے کی کوشش کی تو علاقہ مکینوں نے بہادری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے انہیں پکڑ کر بہمیانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا۔
ایس ایچ او سہیل خاصخیلی کے مطابق دو ملزمان مذکورہ پکوان سینٹر میں اسلحے کے زور پر لوٹ مارکررہے تھے،جہاں مزاحمت پر فائرنگ سے اویس زخمی ہوا،فائرنگ کی آواز سن کر لوگ جمع ہوئے اور فرارہوتے ہوئے دونوں ملزمان کو پکڑ لیا،جبکہ دیگر دو ساتھی موقع سے فرارہوگئے،پکڑے گئے ملزمان کو عوام نے بری طرح تشدد کا نشانا بنایا۔
اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچی اور دونوں ملزموں کو عوام کے چنگل سے نکال کر اسپتال پہنچا رہے تھے کہ وہ راستے میںدم توڑ گئے۔ایس ایچ او کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی ان کی عمریں 24 اور25 برس کے درمیان ہیں،جن کے قبضے سے دو موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی،ایک موٹرسائیکل تھانہ پاکستان بازار کی حدود سے چوری شدہ جبکہ دوسری موٹرسائیکل کا چیک کرنے پر کوئی ریکارڈ نہیں ملا،تاہم دونوں ملزمان کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد سردخانے میں شناخت اور ورثاء تلا ش کیلئے رکھوا دی گئی ہیں،جبکہ پولیس نے اس حوالے سے مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔