کانگو میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، 400 سے زائد ہلاک

کانگو (اُمت نیوز)افریقی ملک کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں گزشتہ ہفتے سے بارشوں ،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 400 افراد ہلاک ہوگئے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی گورنر نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں ظغیانی اور مٹی کے تودے گرنے سے کئی گھروں کا نقصان پہنچا جبکہ جنوبی کیوو کے علاقے کالہے میں کئی دیہات تبا ہ ہوگئے۔
حکام کے مطابق ریسکیورز اہلکار شدید بارشوں کے باعث کیچڑ سے بھری سڑکوں کو صاف کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے رہائشیوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے، مشکلات کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے زخمیوں کے لیے طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے ، جس میں مرنے والوں کی آخری رسومات کے اخراجات بھی شامل ہیں۔
حکومت کے ترجمان پیٹرک مویا نے کہا کہ صدر نے پیر سیلاب کی وجہ سے ملک میں قومی سوگ کا اعلان کیا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب آنے کے بعد 120 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے ۔