ارجنٹائن(اُمت نیوز)ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فرانسیسی کلب کو خیر باد کہہ کر سعودی عرب کے فٹبال کلب کے ساتھ معاہدے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق میسی اس وقت فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیل رہے ہیں۔
پی ایس جی نے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر لیونل میسی کو 2 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔
میسی پر سعودی عرب میں سیاحت کے سفیر کے طور پر ذمہ داری نبھانے پر کلب کی جانب سے ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ 2021 میں میسی نے پی ایس جی کے ساتھ 2 سال کا معاہدہ کیا تھا جو رواں برس ختم ہوجائے گا۔
کلب کی جانب سے معطلی پر امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ لیونل میسی معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے اور کسی دوسرے کلب کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔
اس دوران یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ سعودی فٹبال کلب الہلال نے میسی کو تاریخ کے سب سے زیادہ معاوضے کے معاہدوں میں سے ایک کی پیشکش کی ہے۔
سعودی کلب کی جانب سے میسی کو 262 ملین پاؤنڈز ( 93 ارب روپے سے زائد) سالانہ معاہدے کی پیشکش کی گئی جو کہ فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین معاہدوں میں سے ایک ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ میسی سعودی کلب کی پیشکش قبول کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے 2025 تک سعودی کلب النصر کے لیے کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہوئے ہیں۔