کراچی : غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف بلدیہ، قائد آباد میں دھرنے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن اور شاہ لطیف ٹائون کے مکینوں نے کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے جس سے شدید گرمی میں شہری بے حال ہو گئے۔

بلدیہ ٹاؤن کے مکینوں نے لوڈشیڈنگ پر احتجاج کرتے ہوئے بلدیہ نمبر3حب ریورروڈ پر دھرنا دیدیا ،جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کرکے ٹریفک بحال کروایا ،تاہم کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے احتجاج کے باعث کراچی سے بلوچستان جانیوالی مرکزی شارع پر ٹریفک معطل رہی ۔

علاوہ ازیں قائدآباد کے مکینوں نے کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ پر احتجاج کرتے ہوئے منزل پمپ پر دھرنا دیدیا ،جس کے باعث نیشنل ہا ئی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھی ،رات گئے آخری اطلاعات تک احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد نیشنل ہائی وے ٹریفک کی روانی بحال کرادی۔