مقبوضہ بیت المقدس(نیٹ نیوز) اسرائیلی فوج نے منگل کو علی الصباح غزہ کی پٹی پر فضائی حملے میں تحریک جہاد اسلامی کے تین کمانڈروں سمیت 13 فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح غزہ شہر، رفاح اور خان یونس میں رہائشی اپارٹمنٹس کو نشانہ بنایا۔
شہید ہونے والوں میں القدس بریگیڈ کے کمانڈر خلیل بہیتینی،اسلامی جہاد کے ترجمان طارق عزلدین اور اسلامی جہاد کے سیکریٹری جہاد غنیم شامل ہیں۔خلیل بہیتینی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ اسلامی جہاد کے سینئر ترین کمانڈر تھے اور انہیں اسرائیل پر راکٹ حملوں میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں،زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
جوابی کارروائی کا خطرہ ہونے کے سبب اسرائیل نے اپنے جنوبی علاقے کے شہریوں کو بم شیلٹرز میں رہنے کا مشورہ دیدیا ہے، اور آج اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے جنوبی اسرائیل میں خصوصی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے اور غزہ کی اسرائیل سے جڑی سرحد بند کردی ہے۔