اسلام آباد (امت نیوز) تجرباتی طور پر بھیجے گئے چین کے خلائی جہاز نے مدار میں 276 دن گزارنے کے بعد زمین پر کامیاب واپسی کی ہے۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایک تجرباتی چینی خلائی جہاز 276 دنوں تک مدار میں رہنے کے بعد پیر کو زمین پر واپس آیا، جس نے ملک کی دوبارہ قابل استعمال خلائی ٹیکنالوجی کی جانچ کے لیے ایک تاریخی مشن مکمل کیا۔ بغیر عملے کے خلائی جہاز پیر کو شمال مغربی چین میں جیوکوان لانچ سینٹر میں شیڈول کے مطابق واپس آیا۔
یہ خلائی جہاز کیا تھا، کن ٹیکنالوجیز کا تجربہ کیا گیا، اس نے کتنی بلندی پر اڑان بھری، اور اگست 2022 کے اوائل میں لانچ ہونے کے بعد سے اس کو مدار میں کہاں لے جایا گیا تھا اس حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ تجربہ دوبارہ قابل استعمال خلائی جہاز کی ٹیکنالوجی کی چین کی تحقیق میں ایک ’اہم‘ پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے جو مستقبل کے خلائی مشنز کو آگے بڑھانے کے لیے زیادہ آسان اور سستا ذریعہ فراہم کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق سنہ 2021 میں بھی ایسا ہی ایک خلائی جہاز خلا کے کنارے تک اڑایا گیا تھا جس کو اسی دن مشن مکمل کر کے زمین پر واپس لایا گیا۔ اُس مشن کو بھی بڑے پیمانے پر خفیہ رکھا گیا تھا۔
چینی سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے والوں نے قیاس آرائی کی ہے کہ بیجنگ ایک ایسا خلائی جہاز تیار کر رہا ہے جو امریکہ کے ایکس 37 بی جیسا ہوگا۔ ایکس 37 بی ایک ایسا خودکار خلائی جہاز ہے جو برسوں تک زمین کے مدار میں ٹھہر سکتا ہے۔