اسلام آباد(امت نیوز)امریکا اور برطانیہ نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان کی کشیدہ صورت حال پر اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے 10 مئی بروز بدھ کو تمام قونصلر مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔
امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کی کشیدہ صورتحال میں غیرضروری سفر سےگریز کریں اور لوگوں کے ہجوم کے پاس بھی نہ جائیں اور اپنی سیکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لیں۔
امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گزارشات پر عمل کیا جائے۔ اپنے اردگرد سے خود کو آگاہ رکھیں اور باخبر رہنے کے لئے مقامی میڈیا پر نظر رکھیں۔
دوسری طرف برطانیہ نے بھی اپنے شہریوں کے لئے ٹریول ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم برطانوی شہری محتاط رہیں اور کشیدہ حالات میں سفر سے گریز کریں۔