مالا کنڈ(اُمت نیوز)مالا کنڈ اور کوئٹہ میں ہنگامہ آرائی کے دوران2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔مالاکنڈ میں سوات موٹروے انٹرچینج میدان جنگ بن گیا۔ مظاہرین نے پل چوکی انٹرچینج کو توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگادی، کئی گاڑیاں بھی جلادیں۔ فائرنگ سے ایک کارکن جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہوگئے۔ دوسری طر ف بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ نے کہا ہے کہ صوبے میں صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم کوئٹہ شہرمیں تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کے دوران ایک شخص ہلاک اور چھ پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔بی بی سی سے فون پربات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوئٹہ کے علاوہ جن علاقوں میں احتجاج کیا گیا اب وہاں احتجاج ختم ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں احتجاج کے دوران ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ مظاہرین میں سے سات زخمی ہوئے ہیں۔ان کا دعویٰ ہے کہ مظاہرین کے حملوں میں چھ پولیس اہلکارزخمی ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کی ہے اور بلوچستان میں بعض ہائی ویز کو مظاہرین نے بند کیا تھا لیکن اب ان سب کو کھول دیا گیا ہے۔