چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ٹیریان وائٹ کیس میں نا اہلی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ عدالت نے عمران خان کی نا اہلی کیلیے بھی دائر درخواست کو مسترد کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ کے تفصیلی فیصلے کے مطابق ٹیریان کیس کو 2 ججز نے ناقابل سماعت قراردیا، اور چیف جسٹس کے فیصلے سے2 ججز نے اتفاق نہیں کیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب طاہر نے عمران خان کے خلاف درخواست مسترد کی۔ اکثریتی فیصلہ جسٹس محسن اختر نے لکھا، جس سے جسٹس ارباب نے اتفاق کیا، اکثریتی فیصلے کے مطابق چیف جسٹس عامرفاروق کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 مارچ کو عمران خان نااہلی کیس کے درخواست گزار نے 12 نئی دستاویزات کے ساتھ 138 صفحات کی تفصیلی درخواست دائر کی، جس میں کیلیفورنیا کی عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست کی گئی۔
عمران خان کے خلاف شیرافگن نیازی، فاروق ستار کیسز کا مکمل ریکارڈ اور الیکشن کمیشن میں دیے بیان حلفی کی کاپیاں بھی شامل کی گئیں۔
درخواست گزار نے ضمنی الیکشن میں7 نشستوں پرکامیابی کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی ریکارڈ پر رکھنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ضمنی انتخابات میں 7 نشستوں پرکامیابی حاصل کی، الیکشن کمیشن نے این اے 45 کرم سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ پیشرفت کے باعث درخواست میں ترمیم ضروری ہے، درخواست میں ترمیم کے باوجود کیس کی نوعیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے حالیہ کاغذات نامزدگی میں بھی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہیں کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ نے درخواست گزار محمد ساجد کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔