رواں سال بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نمایاں کمی

کراچی(امت نیوز) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے پہلے دس ماہ کے مقابلے میں رواں سال کمی ریکارڈ کی گئی ہے
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں سال اپریل میں دو ارب اکیس کروڑ ڈالر بھیجے ہیں۔
رواں سال مارچ کے مقابلے میں اپریل کی ترسیلات 32 کروڑ 61 لاکھ ڈالر کم رہیں جبکہ اپریل میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کم پاکستان بھیجے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل کی ترسیلات شامل کرکے رواں مالی سال کے دس مہینوں میں تارکین ہم وطنوں نے 22 ارب 74 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے ہیں۔
گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دس مہینوں کے مقابلے میں رواں سال تیرہ فیصد یا 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی۔
دس مہینوں میں مشرق وسطی سے بھیجی گئی وکرز ترسیلات 2 ارب 42 کروڑ ڈالر کم رہیں جبکہ برطانیہ سے ساڑھے 26 کروڑ، یورپی یونین سے ساڑھے 21 کروڑ، آسٹریلیا سے پونے 14 کروڑ جبکہ کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے دس مہینوں میں پونے 13 کروڑ ڈالر کم ترسیلات بھیجی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پہلے دس مہینوں میں امریکی ورکرز کی ترسیلات زر میں 60 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا ہے۔