کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں ڈاکووں کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔واضح رہے شہر میں امسال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 49 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کےمطابق عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر چار کلو چوک کے قریب چھ سے زائد ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 50 سالہ اظہر حسین کو شدید زخمی کردیا۔اسے جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ایس ایچ او ملک اشرف نے بتایا کہ واقعہ تھانہ عوامی کالونی کی حدود میں پیش آیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مقتول اظہر حسین ابوذر بیکری والی گلی میں گھر کے باہر بیٹھا تھا۔اس دوران 6 مسلح ملزمان نے مزاحمت کرنے پر4 گولیاں ماریں۔تین گولیاں ٹانگوں اور ایک سینے میں لگی۔
پولیس کے مطابق فرار ملزمان کا پولیس سے مقابلہ ہوگیا۔مقابلے کے دوران 2 مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے،جب کہ 4 ملزم فرار ہوگئے۔علاوہ ازیں نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک بی واحد کالونی میں فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوگئے،جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف عثمان نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے۔
زخمی افراد ایک گروپ سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ جھگڑا کئی ہفتوں سے چل رہا تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں شامل 21 سالہ عمر خان کے سینے پر گولی لگی ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ دیگر افراد میں 42 سالہ نوید، 24 سالہ رانا زوہیب، 19 سالہ ہارون شہزاد اور 24 سالہ رانا زید شامل ہیں، جنہیں ٹانگوں پر گولیاں لگی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوع سے تیس بور پستول کے 25 خول تحویل میں لے لئے ہیں۔