اسلام آباد: مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والے مسافر کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان واپس لوٹا دیا گیا۔
سی اے اے ترجمان نے بتایا کہ خاتون مسافر کا کھویا ہوا سامان برآمد کرکے (سونا، کرنسی اور دیگر اشیا) اسے لوٹا دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ خاتون نے پارکنگ نمبر 12 میں ہینڈ بیک بھولنے/گم ہونے کی شکایت درج کرائی۔گمشدہ سامان میں سونے کے سیٹ کے زیورات (06 تولے)، 1100 یو کے پاؤنڈز وغیرہ شامل تھے ۔مذکورہ مسافر مانچسٹر سے اتحاد ایئرویز کی پرواز سے اسلام آباد پہنچی تھی۔
شکایت سیل نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے پارکنگ سے بیگ اٹھانے والے مسافر کا پتہ چلایا۔بیگ اٹھانے والا مانسہرہ کا رہائشی مسافرعلی الصبح عمرہ فلائٹ سے جدہ سے اسلام آباد پہنچا تھا ۔
سی اے اے ویجلنس اسٹاف کے رابطہ کرنے پر مسافر نے لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء ایرپورٹ پہنچا دیں۔ائیرپورٹ پر خاتون مسافر کوان کے شوہر کی موجودگی میں سامان واپس کردیا گیا ۔سامان وصول کرتے ہوئے شوہرنے ائیرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کی تعریف کی۔