ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ ہمارے پاس اثاثے ہیں۔ فائل فوٹو
 ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ ہمارے پاس اثاثے ہیں۔ فائل فوٹو

آئی ایم ایف سےمعاہدہ ہو یا نہ ہو،ملک ڈیفالٹ نہیں کریگا،اسحاق ڈار

اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نےدعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا
آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیر پراظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ سے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں، پاکستان کے بارے میں ناانصافی پر مبنی عالمی سیاست ختم ہونی چاہئے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک عالمی ریٹنگ ایجنسی نے بھی ممکنہ ڈیفالٹ سے متعلق تبصرہ کیا ہے، بین الاقوامی سطح پر لوگ حیران ہیں پاکستان مینج کیسے کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 10 ارب ڈالر ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ 9 فروری کو تکنیکی مذاکرات ختم ہوگئے تھے، ایکسٹرنل اکاؤنٹ سے متعلق گیپ کا سامنا تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے کیلئے مزید وقت چاہتا ہے تو مزید وقت لے۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی اور جون میں 3.7 ارب ڈالر کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں گی، اس دوران ادائیگیوں کا انتظام کر لیا جائے گا، دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کے وعدے کیے گئے جو جلد پورے ہوں گے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارے بلوم برگ سے بات چیت کرتے ہوئے آئی ایم ایف ترجمان نے کہا تھا کہ پاکستان کےساتھ قرض کے معاملے پر بات چیت جاری ہے، پاکستان کی جانب سے بات چیت میں تعطل کا کوئی اشارہ نہیں آیا۔
آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پیٹرول سبسڈی نہ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے جبکہ پاکستان سے پالیسی معاملات پر یقین دہانی چاہتے ہیں۔