عمران خان کل اسلام آباد میں خطاب کریں گے،پی ٹی آئی

اسلام آباد(امت نیوز)سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے کارکنوں کو جمعہ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے
پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیئر مین عمران خان اسلام باد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد سرینگر ہائی وے پر خطاب کریں گے۔
ٹویٹر پر پی ٹی آئی نے لکھا کہ عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر سے ہزاروں پرامن پاکستانی کل صبح 10 بجے سرینگر ہائی وے جی 13 اسلام آباد پر جمع ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کو غیرقانونی بنیاد پر عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا، محب وطن پاکستانی 12 مئی 2023 کو پرامن انداز میں اسلام آباد میں جمع ہوں گے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے عمل کو غیرقانونی قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے، قیادت مشاورت کے بعد اگلا سیاسی لائحہ عمل طے کرے گی، پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین ر کھتے ہیں، امید کرتے ہیں تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے عمران خان کی سیکیورٹی کا خیال رکھیں گے۔