وفاقی بجٹ 9 جون کو پیش کیے جانے کا امکان
جمعہ 12 مئی 2023, 9:13 صبح
قومی
اسلام آباد(امت نیوز) آئندہ مالی سال 2023-24کا وفاقی بجٹ 9جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2024 کا وفاقی بجٹ 9 جون کو پیش کیا جائے گا اور دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام ملے یا نہیں، پاکستان کسی بھی غیرملکی ادائیگی کے حوالے سے ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
اسلام آباد میں قومی سلامتی ڈویژن کے زیر اہتمام ایک سیمینار کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مئی اور جون کے دوران 3.7 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کی واپسی پر کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے اور ادائیگیوں کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی تمام پیشگی شرائط پوری کر دی ہیں اور اب یہ قرض دینے والے پر منحصر ہے کہ وہ معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں، اس مرحلے پر مزید سخت فیصلے نہیں کیے جا سکتے۔