سوڈان سے لوگوں کے انخلا کا سعودی آپریشن مکمل

سعودی عرب (اُمت نیوز)سعودی عرب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سوڈان سے اپنے شہریوں اور دوست ملکوں کے شہریوں کے انخلاء کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ یہ آپریشن 15 اپریل کو سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
سعودی عرب کی طرف سے انسانی بنیادوں پر انخلا میں 8 ہزار 455 افراد کو نکالا گیا تھا۔ ان میں 404 سعودی شہری اور 110 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 8 ہزار 51 دوسرے افراد شامل تھے۔ ان افراد کو رائل سعودی نیوی کے بحری جہازوں اور رائل سعودی ایئر فورس کے طیاروں کے ذریعے نکالا گیا تھا۔
اسی طرح سعودی عرب نے اپنے دوست ملکوں کے 11 ہزار 184 شہریوں کو نکلنے میں مدد بھی فراہم کی ہے۔ ان افراد کو پہلے سعودی عرب لانے اور پھر اپنے اپنے ملکوں میں بھیجنے میں مدد فراہم کی گئی۔