اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ سے روانہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اسلام آباد پولیس کی سکیورٹی میں لاہور کیلئے روانہ ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ہائی کورٹ عدالت سے ریلیف ملنے کے بعد لاہور روانگی کیلئے گیارہ گھنٹے انتظار کرنا پڑا ہے۔
پولیس کی جانب سے کمرہ عدالت سے گاڑی تک انسانی زنجیر بنائی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر سیکیورٹی کی گاڑیاں عمران خان کی روانگی کے وقت موجود تھیں۔
اس سے قبل آئی جی اسلام آباد اور عمران خان کی ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی نے کہا سیکیورٹی صورت حال کی وجہ سے آپ کو اسلام آباد میں کسی جگہ رکھیں گے۔
عمران خان لیگل ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی نے کہا سیکیورٹی کلئیرنس پر آپ کو لاہور بھیج دیں گے۔
اس پر عمران خان نے پولیس کو جواب دیا کہ وہ گھر جائیں گے اور کہیں نہیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تین گھنٹے ہوگئے مجھے عدالت میں روکا ہوا ہے جانے نہیں دے رہے، یہ مجھے عدالت میں بہانوں سے روک رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ عدالت نے مجھے ہر جگہ ضمانت دی ہے، انہوں نے مجھے یہاں زبردستی رکھا ہوا ہے۔