بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کےآپریشن میں پانچ دہشت گرد ہلاک

ہوشاب(اُمت نیوز)بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر فائرنگ کی۔ سیکورٹی فورسز نے حملے کو کامیابی سے پسپا کرنے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب بلور کے قریبی پہاڑوں میں جاری رکھا۔
اس دوران سیکیورٹی فورسز نے فضائی نگرانی کے ذرائع کا بھی استعمال کیا اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کا گھیراؤ کرلیا۔ آپریشن کے دوران، دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کی ایک پارٹی کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور ملحقہ علاقوں میں فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیےسیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔