عمران خان کیخلاف غیرشرعی نکاح کیس کی درخواست ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد (امت نیوز) مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کیخلاف اسلام آباد کی مقامی عدالت میں دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی گئی۔ درخواست گزار وکیل رضوان عباسی کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد سیشن عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سول جج نصر من اللہ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ عدت میں نکاح کے کیس کی درخواست عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

اس سے قبل آج ہونیوالی کارروائی کے دوران دلائل دیتے ہوئے رضوان عباسی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر شادی قانونی تھی تو دوبارہ ںکاح کیوں کیا۔ جج نے استفسار کیا کہ عمران خان کا نکاح لاہور میں ہوا، اس عدالت کا دائرہ اختیار کیسے بنتا ہے؟۔

درخواست گزار وکیل نے کہا کہ بنی گالہ سے فراڈ شروع ہوا اور نکاح لاہور میں ہوا، عمران خان اور بشریٰ بی بی اسلام آباد کی حدود میں رہتے رہے، نکاح خواں کو بھی اسلام آباد سے نکاح کیلئے لے جایا گیا۔