پنجاب :پرتشددکارروائیوں میں ملوث 2ہزار894افرد گرفتار

لاہور(امت نیوز) عمران خان کی گرفتاری کے بعد نجی و سرکاری اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ اور تشدد میں ملوث شرپسند عناصر کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے۔
سرکاری و نجی اداروں پرحملوں اورتوڑپھوڑمیں ملوث گرفتار افراد کی تعداد 2 ہزار 800 سے تجاوز کرگئی۔
پنجاب پولیس نے بتایا کہ اب تک گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد 2894 تک پہنچ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق شرپسند عناصر کی پرتشدد کاروائیوں میں پنجاب بھر میں 152پولیس افسران اور اہلکار شدید زخمی ہوئے جبکہ پولیس کے زیر استعمال 74 گاڑیوں کو نذر آتش اور پولیس اسٹیشنز و دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
آئی جی پنجاب کے مطابق جلاؤ گھیراؤ،تشدد اور نجی و سرکاری املاک نذر آتش کرنے والے شرپسند عناصر کو بہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اُدھر جناح ہاؤس پر حملے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 900 افراد کی شناخت تصاویر، ویڈیو اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مدد سے کرلی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹیز اتھارٹی نے تمام تر ویڈیوز ، تصاویر اور لوکیشنز قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کیں ، سی ٹی ڈی حکام نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ٹریکنگ کی مدد سے تین سو شرپسندوں کے کوائف اکٹھے کرلیے جن کی نگرانی کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس حملہ کیس کی تحقیقات پر وزیر اعظم پاکستان کو آج بریفنگ دی جائے گی جبکہ ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے جیوفینسنگ کا عمل بھی شروع کردیا گیا اور نو مئی کی تمام مشتبہ کالز کو شارٹ لسٹ کرکے کالرز کو شامل تفتیش کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے دفاعی اداروں پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی جرنیل سے غلطی ہو تو یہ مطلب ہرگز نہیں کہ سارا ادارہ غلط ہے ، آئین اور قانون کی بالا دستی میں پاکستان کی بالا دستی ہے۔