کراچی(امت نیوز)ڈیجیٹل مردم شماری کے تاز ترین اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی 1 کروڑ 87 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری 13 مئی تک کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی میں اب تک 17 فیصد اضافہ ہوا ہے،کراچی میں 13 مئی تک 1 کروڑ 87 لاکھ 25 ہزار 174 افراد کو شمار کیا گیا جن میں 99 لاکھ 20 ہزار 269 مرد، 88 لاکھ 2 ہزار 176 خواتین شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لاڑکانہ ڈویژن کی آبادی 30.3 فیصد بڑھ کر 80 لاکھ 67 ہزار 35 نفوس، میرپورخاص ڈویژن میں 19.88 فیصد اضافے سے 50 لاکھ 65 ہزار 239 افراد، شہید بینظیر آباد ڈویژن میں 16 فیصد اضافے سے 61 لاکھ 19 ہزار 735 مکین، سکھر ڈویژن میں 15.8 فیصد بڑھ کر 64 لاکھ 18 ہزار 424 افراد اور حیدرآباد ڈویژن کی آبادی 14.68 فیصد اضافے سے 1 کروڑ 21 لاکھ 51 ہزار 942 افراد تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو صوبے کی آبادی 18 فیصد اضافے سے 5 کروڑ 65 لاکھ 47 ہزار 549 شمار کرلی گئی ہے ان میں 2 کروڑ 98 لاکھ 77 ہزار 522 مرد اور 2 کروڑ 66 لاکھ 65 ہزار 800 خواتین شامل ہیں۔ سندھ میں 77 لاکھ 6 ہزار 910 اسٹرکچر، 88 لاکھ 49 ہزار 838 یونٹس اور 1 کروڑ 23 لاکھ 1 ہزار 392 گھروں کو گنا جاچکا ہے ان میں سے 1 کروڑ 18 لاکھ 4 ہزار 995 گھروں کے مکینوں کی گنتی ہوئی ہے۔
کراچی کے علاوہ سندھ کے تمام ڈویژنز میں خواجہ سراؤں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی۔ 2017 کی مردم شماری میں صوبہ سندھ میں 5954 خواجہ سرا تھے جن کی تعداد 37 فیصد کمی سے 2023 کی مردم شماری میں 3745 رہ گئی ہے، کراچی کے علاوہ صوبے کے تمام ڈویژنز میں یہی صورتحال رہی۔
کراچی ڈویژن میں 1 فیصد اضافے سے خواجہ سراؤں کی تعداد 2247 تک پہنچ گئی جو 2017 میں 2223 تھی۔ لاڑکانہ ڈویژن میں 63 فیصد کمی سے 307 خواجہ سرا رہ گئے ہیں جن کی تعداد 2017 میں 849 تھی۔