اسلام آباد(اُمت نیوز)پی ڈی ایم کے سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کے اعلان کے بعد جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے بلوچستان بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گئے۔
جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر جے یو آئی ف کا قافلہ حب اور لسبیلہ سے روانہ ہو گیا۔
جے یو آئی ف کے رہنما شاہ محمد صدیقی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی ہدایت پر بلوچستان بھر سے قافلے روانہ ہو رہے ہیں۔جمعیت علماء اسلام مستونگ کا قافلہ اسلام آباد جانب روانہ ہو گیا۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) سندھ کے صدر علامہ راشد محمود نے کہا تھا کہ رانا ثناء سے درخواست ہے اسلام آباد سے دفعہ 144 ہٹا لیں، ہم پُرامن لوگ ہیں۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران راشد محمود نے کہا کہ بینظیر بھٹو، نواز شریف، مولانا فضل الرحمٰن سب ہی سیاسی جدوجہد میں جیل گئے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی سے بھی قافلے اسلام آباد کےلیے روانہ ہوں گے، سندھ کے 30 اضلاع کے قافلے سکھر موٹر وے پر جمع ہوں گے۔