راولپنڈی: جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملے کے شرپسندوں کی شناخت ہو گئی جن میں خواتین بھی شامل ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شناخت کیلیے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی۔
پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث شرپسندوں کی شناخت اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، شناخت شدہ شرپسندوں میں عاصم خورشید، عابد ملک،شہباز ناصر ، ابو بکر احمد، انصر جاویدزاہد علی شاہ گیلانی، زاہد علی خان ، پیرزادہ شہباز ناصر، حماد خان، عثمان قریشی، شبانہ فیاض، افشاں کامران اور فاطمہ احسان شامل ہیں۔
جی ایچ کیو پر حملہ کرنیوالوں کے ایڈریس حاصل کرکے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کر کے 3 شرپسند گرفتار کر لیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جی ایچ کیو گیٹ پر حملے میں ملوث 50 شرپسندوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ۔
ملزمان کی شناخت کیلیے نادرا ڈیٹا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی۔پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کے ایڈریس حاصل کر کے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل لاہور کورکمانڈر ہاؤس پر حملے میں شریک شرپسندوں کی بھی شناخت کر لی گئی اور ان کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے شرپسندوں کی تلاش میں مدد کرنیوالوں کیلئے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔