لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کاکہناہے کہ 9 مئی کو پنجاب میں دہشتگردی کے ہولناک واقعات ہوئے، 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، پورے پنجاب میں شرپسندوں کی جانب سے 108 گاڑیاں جلائی گئیں، 23 بلڈنگز کو نقصان پہنچایا گیا، میانوالی پر اٹیک کا پورا پلان کیا گیا تھا، میانوالی میں متعدد افراد اسلحہ سے لیس تھے، پلان کے مطابق میانوالی میں جہازوں کو جلایا گیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے،جناح ہاﺅس پر حملہ سیاسی پارٹی کا ورکر نہیں کر سکتا یہ دہشتگرد ہیں، جنہوں نے کور کمانڈر ہاﺅس جلایا، انہوں نے ہی عسکری ٹاور کو جلایا،انہوں نے عسکری ٹاور پر حملے کا پلان بنا رکھاتھا۔
محسن نقوی نے کہاکہ میانوالی جوڈیشل کمپلیکس میں گاڑیاں جلائی گئیں،میانوالی میں پی ایف بیس پر اٹیک کیاگیا،اے ٹی ایم اور 2 پٹرول پمپس کو جلایاگیا، راولپنڈی میں 2 میٹرو سٹیشن کو جلایاگیا،فیصل آباد میں بھی سنگل کیبن ، پولیس بسوں کو جلایاگیا،گوجرانوالہ میں آرمی کی ایک چیک پوسٹ جلائی گئی،ملتان میں سٹیٹ بینک بلڈنگ میں نیشنل بینک کو جلایاگیا۔
ان کاکہناتھا کہ ابھی تک 600 کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے،کچھ شرپسند پکڑے گئے، دیگر بھی پکڑے جائیںگے،کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہم پر کوئی بھی پریشر آجائے ہم اصل بندے کو ہی پکڑیں گے، اب قانون کے مطابق چلا جائے گا تحقیقات ہو رہی ہیں ، ہر آنے والے دن میں معلومات بڑھ رہی ہیں، ہنگاموں میں ملوث کچھ لوگ پکڑے گئے ہیں باقی کو جلد پکڑ لیا جائے گا کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پُرتشدد واقعات میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کیا جائے گا،کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔